نئی دہلی،27؍اپریل(ایس او نیوز؍ایجنسی) ہندوستان کے مفرور کاروباری نیرو مودی کو اب لندن کی جیل میں ہی رہنا ہوگا-ویسٹ منسٹر کورٹ نے اسے ضمانت دینے سے انکار کر دیا اور پولیس حراست24 مئی تک بڑھا دی جب معاملے کی اگلی سماعت ہوگی-اس سے پہلے 29مارچ کو بھی کورٹ نے اس کی ضمانت کی اپیل مسترد کر دی تھی-جمعہ کو لندن میں نیرو مودی کی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ہی کورٹ میں پیشی ہوئی تھی-جج یما اربتھنٹ نے نیرو مودی کی ضمانت درخواست پر دونوں فریق کے وکلاء کی دلیلیں سنیں اور پولیس حراست بڑھانے کا فیصلہ سنایا-ادھرہندوستان میں ای ڈی نے نیرو اور اس کے ماما میہل چوکسی کی12ضبط کاریں فروخت کر دیں -ای ڈی کی جانب سے 13لگژری کاروں کی بولی لگائی گئی تھی، جن میں 12کے ہی خریدار ملے،ان12گاڑیوں کی فروخت سے ای ڈی کو3.29 کروڑ روپے حاصل ہوئے-ڈائمنڈ کاروباری نیرومودی گزشتہ سال جنوری میں پنجاب نیشنل بینک اسکینڈل بے نقاب ہونے سے پہلے ہی ہندوستان سے بھاگ گیا تھا-اس نے پی این بی کے کچھ ملازمین کی ملی بھگت سے بینک کو 13 ہزار کروڑ روپے کا چونا لگایا-